سیاسی، سماجی، ادبی، مزاح اور حکمت آمیز تحریریں

ہے جستجوکہ خوب سے ہےخوب ترکہاں
اب د یکھیے ٹھہرتی ہے جاکر نظر کہاں

Justuju Tv جستجو ٹی وی

انٹرنیشنل سیکیوریٹی نیٹ ورک - سوئٹزرلینڈ

Logo ISN

VerveEarth

Wednesday, February 20, 2008

انتخابات ۲۰۰۸ کے بعد: پاکستانی سیاست کا نیا چہرہ


جستجو / (حالاتِ حاضرہ)


انتخابات ۲۰۰۸ کے بعد: پاکستانی سیاست کا نیا چہرہ


سابقہ حزبِ مخالف کے اب کامیاب افراد کوکن خواہشات سے ترغیب مل رہی ہے، اور شکست کھانے والوں اور نئی حکومت کو کن چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔۔۔ آپ کے لیے ایک بھرپور تجزیہ


محمد بن قاسم



نیرنگیءسیاستِ دوراں تو دیکھیے


منزل انہیں ملی جو شریکِ سفر نہ تھے

محسن بھوپالی


ہمارے گزشتہ مضمون ”انتخابات ۲۰۰۸: نادرا کس مرض کی دوا ہے؟“ کے جواب میں ہمیں آپ نے ایک بڑی تعداد میں اپنی قیمتی رائے سے نوازا ہے، ہم اس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اور وعدہِ کے مطابق اس بارے میں جلد ہی اردوپوائنٹ پر آپ کی تحریری آراءکوجگہ دی جائے گی۔ اگر آپ نے اب تک اپنے ارادہ کے باوجود ہمیں اپنی رائے سے مطلع نہیں کیا ہے، تو آپ کوشش کریں کہ جلد از جلد اسے بھیج دیں۔ فی الحال، آج، الیکشن کے تازہ تازہ نتائج کے بعد پاکستانی سیاست میں متوقّع تبدیلیوں کے بارے میں آپ سے کچھ گفتگو کرلیتے ہیں۔

پاکستانی انتخابات ۲۰۰۸ کے نتائج دل چسپ اور کسی حد تک غیر متوقّع بھی ثابت ہورہے ہیں۔ یہ کہا جاسکتا ہے کہ پاکستانی عوام نے ملک میں موجود معاشی ، سیاسی، اور امن و امان کی صورتِ حال کی بناءپرسابقہ حکومت کے رہنماﺅں کے کارناموں کو بھی نظر انداز کردیا ہے۔ ایک فلسفیانہ کہاوت ہے کہ ”دنیا میں صرف تبدیلی ہی کو ثبات حاصل ہے“۔ چنانچہ یہ ”ثبات“ پا کستانیوں کو حاصل ہوگیا ہے۔ اس صورتِ حال میں سب سے دل چسپ یہ امر ہے کہ پاکستانی فوج، اور اس کے چند روز پہلے تک کے اصلی سربراہ جناب ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرّف نے قوم کے ساتھ کیا گیا اپنا صاف و شفّاف، غیرجانبدار، اور بروقت انتخابات کاوعدہ بخوبی نباہ دیا۔ جو گرگِ باراں دیدہ ہیں اور تاریخ پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں وہ اس خوف میں مبتلا تھے کہ کہیں یہ انتخابات بھی ۱۹۷۰جیسے نتائج لاکر قوم کو ایک بار پھر بربادی کی جانب گامزن نہ کردیں۔ تاہم ملک میں ایک سے زیادہ سیاسی پارٹیوں کی کامیابی نے ۱۹۷۰ کی یک طرفہ جیت کو خواب وخیال میں تبدیل کرکے میدانِ سیاست میں کھیل کو ازحد دل چسپ بنادیا ہے۔ اب ملک میں کسی ایک پارٹی کو اپنی آمریت مسلّط کرنے کے مواقع محدود ہوجائیں گے۔ مخلوط پارٹیوں کی حکومت میں رہنماﺅں کو وسیع تر بنیاد پر عوامی خواہشات اور ملکی مفادات کا خیال رکھنا پڑتاہے۔ مثلاً بھارت میں امریکہ کے ساتھ حالیہ ایٹمی معاہدہ میں بھارتی کمیونسٹ سیاستدانوں نے اڑچن ڈالی، اور یہ ایک اہم معاہدہ جو بھارت کے مفاد اور اس کی علاقہ میں ایٹمی چوہدراہٹ کے لیے بہت ہی مفید ہوگا تاخیر کا شکار ہوگیا۔ جب کہ پاکستان کی تاریخ ہر کھلی آنکھ اورذہن کو صاف صاف بتاتی ہے کہ ۱۹۷۰میں یک حزبی سیاسی قوت نے مشرقی اور مغربی پاکستان، دونوں حصّوں میں ایسا ذہن پیداکردیا جو قطعی عدم لچک پر قائم رہا، اور آخرکار اس خطّہ میں ہندوﺅں کی بالادستی کے خلاف دوقومی نظریہ کی بنیاد کو ٹھیس پہنچاگیا۔ یہاں تک کہ مسلمانوں کی حربی تاریخ کی سب سے بڑی شکست اور توہین وجود میں آگئی، اور اندرا گاندھی نے وہ تاریخی الفاظ( آج ہم نے مسلمانوں سے ایک ہزار سال کا بدلہ لے لیا ہے) کہے جن کی وجہ سے پاکستان کو آخرکار ایٹمی طاقت بننا پڑا (یہ ہی وہ لمحہ تھا جب کہ محسن پاکستان، جناب ڈاکٹر عبدالقدیر خان صاحب نے دل میں یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنا کر چھوڑیں گے، اور اس ہی جذبہ کی بنیاد پر انھوں نے از خود اپنی خدمات اس وقت کے وزیراعظم کو فراہم کیں)۔

متحدہ پاکستان کے ۱۹۷۰ کے زمانہ کے چرب زبان سیاستدانوں نے مشرقی اور مغربی پاکستان دونوں خطّوں میں عوام کو آفاقی اقدار کی تبلیغ کے بجائے اتھلی اور نابینا قلیل المدّتی ، فوری مفاد کی اقدار کو فروغ دیا۔ اس صورتِ حال سے ان ناعاقبت اندیش افراد نے ”ایک نیا لنگڑا پاکستان“ تخلیق کردیا، اورصوبائی خود مختاری کے کھوکھلے نعروں کی وجہ سے مغربی پاکستان میں پنجاب کے علاوہ ہر صوبہ میں علاقائیت کی تحریکوں کو مزید مہمیز ملی۔آج بلوچستان اور سرحد میں برپا رہنے والی شورشوں کے ڈانڈے اس دور سے بھی جاملتے ہیں۔ آفاقیت اور متحدہ پاکستان سے ہماری سیاسی پارٹیوں کو کتنی دل چسپی تھی، اس کا اندازہ اس سادہ سی حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ آج کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی نے جو اس وقت بھی مشتبہ اور دل کش مگر کھوکھلے نعروں (روٹی ، کپڑا، مکان) او ر حکومت پر مبہم الزامات (معاہدہ تاشقند کی تھیلہِ میں بلّی!) کی بنیاد پر مقبولیت پارہی تھی، اس نے مشرقی پاکستان میں اپنا ایک بھی امیّدوار کھڑا نہیں کیا تھا، اور ابتداءہی سے اس کی نیت اور علاقائی سیاست کی سمت کا اندازہ لگایا جاسکتاتھا۔ چنانچہ اس تاریخ کے پیشِ نظر حالیہ انتخابات پاکستان کے لیے ایک نعمت لے کر آئے ہیں۔ اب حکومت چلانے کے لیے زیادہ تر سیاسی قوّتوں کو آپس میں نئے سیاسی معاہدات کرنے پر مجبورہونا پڑے گا۔ جہاں تک پاکستان پیپلز پارٹی کا تعلّق ہے تو اس کے لیے قومی مفاہمتی آرڈیننس کو بچانا سب سے اہم ہے۔ اس معاملہ سے ان کا جو مالی مفاد وابستہ ہے وہ اس قدر بڑی نوعیّت کا ہے کہ اس کی خاطر وہ ہر حد کو جانے کو تیاّر رہے گی۔ مرحومہ بے نظیر کے ایک کالج کے زمانہ کے دانش ور دوست، اور مشہورعالم معیشت دان جان گالبرائتھ کے فرزند، پیٹر گالبرائتھ نے محترمہ کی شہادت کے فوری بعد یہ پیش گوئی کی کہ پی پی پی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کئی دھڑوںمیں تقسیم ہوجائے گی۔ چنانچہ، اب یہ نظر آرہا ہے کہ اس معاملہ کے لیے ایندھن اس قسم کے واقعات سے فراہم ہوجائے گا، جیسا کہ مرتضٰی بھٹّو مرحوم کی بیوہ غنویٰ بھٹو کے ساتھ ایک سینیئر پی پی پی رہنما کی بدسلوکی سے ہوا۔ بھٹو خاندان کی ابھرتی ہوئی نوجوان دانش ورہ فاطمہ بھٹو اپنی والدہ کی توہین برداشت نہ کرسکے گی، اور یہ صرف کچھ وقت کی بات ہے کہ وہ ایک دھماکہ کے ساتھ میدانِ سیاست میں کود پڑے گی۔ دوسری جانب نواز شریف کا مسلم لیگ کا دھڑا اپنے سابقہ سیاسی معاہدات کی پاسداری پر مجبور رہے گا، اور یہ کیفیت اسے پی پی پی کے ساتھ کام کرنے کا دوستانہ بہانہ فراہم کررہی ہے۔ فوجی نرسریوں و باغات کے گملوں میں اگ کر نشو و نما پانے والے پپّو لیڈر نواز شریف کی قیادت میں کام کرنے والے مسلم لیگیوں کو البتّہ نواز شریف کی اس ذہنی کیفیت کا جلد ہی ادراک ہوجائے گا، جو ان کے تمام تر دعووں کے باوجود ذاتی ایجنڈے پر مبنی اور کسی حد تک انتقامی خواہشات پر مبنی ہے۔ اور یہ ہی عنصر صدرِ پاکستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ بنا رہے گا اور نواز شریف کی نفسیات، بیانات وغیرہ کا ایک سرسری مطالعہ یہ انکشاف کرتا ہے کہ وہ قدم جماتے ہی جلد یا بدیر صدرِ پاکستان کے مواخذہ کی کارروائی شروع کرڈالیں گے، تاکہ وہ اپنے انتقام کی ا س آگ کو ٹھنڈا کرسکیں جو اکتوبر ۱۹۹۹ سے ان کے اور ان کے خاندان کے سینوں کی بھٹّیوں میں دہک اور لپک رہی ہے۔ مشرّف صاحب کی مفاہمت پر مبنی حکومت کی ساخت اور اس کی کارکردگی میں یہ ہی راستہ کا سب سے بڑا پتھّر ثابت ہوگا۔ اگر کسی جادو سے مسلم لیگ کے تمام دھڑے متحد ہوجائیں تو وہ مستقبل میں پی پی پی کے سامنے ایک قابلِ قدر متبادل نظریاتی قوت بن کر ابھر سکتے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کو اب سندھ میں ایک نہایت ہی دل چسپ صورتِ حال کا سامنا ہے۔ اس کی اور مسلم لیگ قائد اعظم کی مل جل کر ایسی حیثیت بنتی جارہی ہے کہ وہ چاہے تو پی پی پی کی خواہشات کے خلاف اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد علیحدہ تعمیر کرلے، اورایک طاقت ور اپوزیشن بن کر بیٹھ جائے۔ مگر بے نظیر کی رنجیدہ موت کے بعدپیداہونے والی صورتِ حال میں ایم کیو ایم کو غیر شہری و دیہی سندھیوں کے جذبات کا خیال رکھنا زیادہ اہم محسوس ہوتاہے، اور پی پی پی کا ساتھ نہ دینے کی صورت میں ایم کیوایم کے زیرِ اہتمام ترقیاتی منصوبوں پر بھی زد پڑے گی۔ پی پی پی کا ماضی دیکھتے ہوئے یہ امر یقینی ہے کہ وہ سندھ میں اپنی حکومت سازی کرنے کے بعد ایم کیوایم کی مقبول ، سماجی،معاشی اورطویل المدت منصوبہ سازی ، بڑھتے ہوئے سیاسی عزائم اور کارکردگی کو باآسانی نہ نگل سکے گی۔ اس کے علاوہ پی پی پی کی سیاست کا ایک انداز یہ بھی ہے کہ وہ پولیس تھانہ کی سطح پر اپنا قابو رکھنا پسندکرتی ہے، چنانچہ اس ضمن میں خاصی اٹھاپٹخ دیکھنے میں آئے گی، اور پولیس اور عدلیہ کا سیاسی استعمال بھی روزمرّہ کا معمول بن جانے کا ڈر رہے گا۔ ایک عرصہ کے بعد طاقت کے سرچشمہ تک پہنچ جانے والے پی پی پی کے کارکن اور جیالے اپنے کرشمے دکھانے پر تل جائیں گے۔ چنانچہ، یہاں ایم کیوایم سخت مشکل میں گرفتار رہے گی۔ اگر قائد لیگ کا ساتھ نہ دے تو وہ اپنے ماضی کے کردار کا کس طرح دفاع کرسکے گی! کسی نئی دھڑے بندی کے لیے ایم کیو ایم کے لیڈروں کو اپنے حامیوں کی فوری ذہن سازی کرنا ہوگی، جس کے لیے وقت پر لگا کراُڑاجارہا ہے۔ کیونکہ ۱۹۹۲ میں شروع کی جانے والے مہاجر اور اہلِ اردو زبان کے خلاف خونی اور ظالمانہ طویل المدّت کارروائیاں بھولی نہیں جائیں گی۔ دوسری جانب ایم کیو ایم ایک وسیع تر بنیاد’ کل پاکستان‘ پارٹی بننے کی جو جدّوجہد کررہی ہے وہ کسی بھی علاقائی مفادات پر مبنی فیصلوں سے ایک حد تک کمزور پڑے گی۔ مگر ایم کیو ایم کے دانش ور اور تعلیم یافتہ رہنماﺅں سے یہ توقّع کی جاتی ہے کہ وہ اس بارے میں اپنے حامیوں اور قوم کو اچھی طرح اعتماد میں لے کر آگے بڑھیں گے۔ ایم کیو ایم اپنی معاشی اور سماجی کارکردگی کی بناءپر جو ووٹ طلب کررہی تھی، اسے اپنی تمام تر کامیابیوں کے باوجود کراچی کے پس ماندہ اور جرائم کے گڑھ ، لیاری، سے ایک دھچکا پہنچا ہے۔ ایم کیوایم نے لیاری کے لیے قیام پاکستان کے بعد پہلی مرتبہ وہ کام کردکھایا ہے جو وہاں سے جیتنے والی پی پی پی بھی کبھی نہ کرسکی تھی۔۔۔ وہ ہے گھر، گھر، پانی کی فراہمی۔ تاہم لیاری کے سخت زندگی گزارنے والے باشندوں نے اس اہم کامیابی اور سہولت کو چنداں درخورِ اعتناءنہ سمجھا اور ایک مرتبہ پھر پی پی پی کے امید وار کو برادری ، جرائم کی سرپرستی، اور دیگر روایتی بنیادوں پر ووٹ ڈال دیئے۔ دوسری جانب مذہب کے نام پر اقتدار کی طلب گار جماعتِ اسلامی نے اپنی نوجوان اور ابھرتی ہوئی قیادت کے حامل افراد کو انتخابات سے دور رکھ کر بہت بڑا نقصان پہنچایا ہے۔ جماعت کو اب رہنمائی کے لیے اعلٰی تعلیم یافتہ اور دین و دنیا سے یکساں آگاہی رکھنے والی روشن خیال قیادت کی اشدضرورت ہے۔ سیاست میں اخلاقیات کا سب سے زیادہ دباﺅ ایسی جماعتوں کی جانب سے ہونا چاہیے۔ مگر جماعت کے حامیوں نے نہ ہی اس قابلِ بحث فیصلہ پر انگلی اٹھائی اور نہ ہی کسی طرح کا نظر آنے والا احتجاج کیا۔ جماعت نے اپنا سیاسی جوا اس بنیاد پر کھیلا کہ یہ انتخابات دنیا کو قابلِ قبول نہیں ہوں گے، اور وہ جلد ہی ایک تحریک چلا کر قوم کو انتشار میں مبتلا کرکے دوبارہ انتخابات کا ڈول ڈلوادیں گے۔ مگر یہ شیخ چلی کا ایک خواب ہی ثابت ہوگا۔ سرحد میں قوم پرستی کی کامیابی کچھ ایسی غیرمتوقّع نہیں رہی، کیونکہ مولانا فضل الرّحمٰن کی جماعت نے موجودہ حکومتی کارروائیوں کے بارے میں عملی خاموشی اور دوغلی پالیسیوں سے سرحد کے باسیوں کی آنکھیں کھول دیں۔ تاہم چونکہ آزاد امید وار کے طور پر منتخب ہونے والے افراد ہمیشہ طاقت ور پارٹی کا ساتھ دیا کرتے ہیں، منظرنامہ وہاں پی پی پی کے حق میں بھی جاسکتا ہے۔ اب سرحد کے باسی اپنے علاقہ میں ہونے والی پاکستانی اور غیرملکی افواج کی کارروائیوں کو سیاسی طور پر چیلنج کرسکیں گے۔ بلوچستان میں البتّہ مسلم لیگ قائد کی کامیابیاں حیران کن ہیں۔ کیوںکہ کم و بیش سرحد کی قسم کے حالات یہاں بھی برپا رہے ہیں۔ اس صورتِ حال کادرست ادراک کرنے کے لیے مزید مطالعہ، تحقیق اور تجزیہ درکار ہے۔ اگر آپ اس کی وجوہات پر روشنی ڈال سکتے ہوں تو ہماری مدد کیجیے۔ کیا یہ بلوچستان میں ہونے والے اہم معاشی اقدامات، جیسے کہ گوادر کی بندرگاہ، وغیرہ کی وجہ سے ہوا ہے ؟ یا یہ چند بلوّچی سرداروں کی ظالمانہ کارروائیوں سے نجات کا شکرانہ ہے!

اب یہ دیکھنا ہے کہ وزیرِ اعظم کے لیے کس کے نام پر قرعہ پڑتا ہے، اور یہ ہما کس کے سر پر بیٹھے گا۔ بظاہر لگتا ہے کہ آخرکار عمر کے ڈھلتے ہوئے سورج کی روشنی مخدوم امین فہیم کے چہرے کو کچھ عرصہِ کے لیے روشن کرہی دے گی۔ بد قسمتی سے ان کی سیاست ذاتی پوجا پر مبنی رہی ہے، جس میں وہ بلا چوں و چرا پی پی پی کی اعلٰی ترین قیادت کا کہا مانتے رہے ہیں۔ یہ ہی ان کی سب سے بڑی خوبی، اوریہ ہی ان کی سب سے بڑی خرابی ہے۔ اس کے تعیّن کا انحصار اس امر پر ہے کہ آپ پی پی پی کے حامی ہیں یا نہیں۔ دوسرے قابل اور دانش ور رہنما اعتزاز احسن ہیں، جو اس خلا کو بخوبی پورا کرسکتے ہیں، مگر پی پی پی کے موجودہ عملی چیئرمین ان سے کسی حد تک خائف رہیں گے کہ کہیں وہ پارٹی کی قیادت کو پنجاب کی جانب ہمیشہ کے لیے منتقل کرنے کا سبب نہ بن جائیں۔ نواز شریف کی نیابت کے لیے، خود اپنی اور شہباز کی غیرموجودگی میں، جاوید ہاشمی جیسا جری اور فہیم سیاستدان اس عہدہ کے لیے موجود ہے۔ زرداری بھی جلد از جلد ضمنی انتخابات لڑنے کے بارے میں سوچ رہے ہوں گے، تاکہ ان کی دبی دبی دلی خواہش پوری ہونے کے اسباب فراہم ہوسکیں۔ بہر حال یہ طے ہے کہ کسی بھی مرکزی مخلوط حکومت کے بننے کے بعد وزارتِ عظمیٰ کانٹوں کی سیج ثابت ہوگی، اور اس کے لیے موسیقی آمیز کرسی کے رقص کا کھیل ہمیشہ جاری رہے گا۔ اس کے لیے جو عناصر فعّال ثابت ہوں گے ان میں دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی ایندھن، کھانے کا تیل، گیس، پیٹرول، سی این جی، بجلی کی قیمتیں، اور دیگر اشیاءکی قیمتوں میں بڑھتاہوا بلا روک ٹوک طمع آمیزرجحان اور قلیل آمدنی ہے: جس کی وجہ سے گلی کوچوںمیں ہونے والے جرائم کم نہ ہوں گے بلکہ بڑھ جائیں گے، کیونکہ ایک غریب کو اپنے گھر کا چولھا جلائے رکھنا ناممکن ہوتا جائے گا۔ دوسری جانب بلوچستان اور سرحد کے زخموں پر مرہم رکھنے کا فوری کام کرنا ہوگا۔ تاہم یہ ایک قطعی امر ہے کہ میڈیا کی آزادی پر جلد یا بدیر قدغنیں لگنا شروع ہوجائیں گی، اور میڈیا کا جن موجودہ حکومت کے دور کی طرح اپنی من مانی کرنے میں آزاد نہیں رہے گا۔ یہ معاملہ کس طرح نمٹایا جائے گا، یہ جلد ہی معلوم ہوجائے گا۔

بین الاقوامی سطح پر نئی حکومت کے کرتادھرتاﺅں کو امریکہ، برطانیہ اپنے مفادات کے لیے کٹھ پتلی بناکر ہی چھوڑیں گے، اور بحیثیت قوم ایرانی گیس، چین سے دفاعی تعاون، آزاد قبائلی علاقوں، طالبان، افغانستان، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ایٹمی پروگرام کے حو ا لہِ سے بھی اس بارے میں سب سے زیادہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب کسی بھی قسم کی قومی فکر کی یک جہتی کی عدم موجودگی میں بھارت کے لیے اپنے کیے گئے پانی اور کشمیر جیسے دوطرفہ معاہدوں اور بات چیت میں پیش رفت سے انحراف کا سنہری موقع مل جائے گا۔ اگر مستقبل میں ان مغربی طاقتوں نے موجودہ صدرِ پاکستان کو بھی ہٹانے کا تہیّہ کرلیا تو حکومت کا کام از خود آسان ہوجائے گا، جیسا کہ فوج کے شہری اداروں سے واپسی کے عمل سے واضح ہے۔

یہ ایک افسوسناک امر محسوس ہوتا ہے کہ نہ تو جیتنے والوں نے ہارنے والوں کے لیے فوری طور پر کوئی تشفی و تسلّی کے کوئی الفاظ کہے، اور نہ ہی ہارنے والوں نے فوری طور پر خوش دلی سے جیتنے والوں کو مبارکباد ہی دی (کچھ منہ ہی منہ میں بڑبڑانے کی سرگوشیاں اب سنائی دے رہی ہیں، ایک روز بعد)۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان میں جمہوریت ابھی تک ذاتیات سے بالاترنہیں ہوسکی ہے ۔ کراچی اور حیدرآباد کے علاوہ، جہاں ایم کیو ایم نے حقیقی سیاسی تبدیلی کو جنم دے دیا ہے، دیگر علاقوںمیں دولت اور جاگیرداری ہی کا سکہّ چل رہا ہے۔ اور یہ وہ ذہنی کیفیت ہے جو قوم کو آقا اور غلام کے کالے اصولوں پر چلنے پر مجبورکرتی رہتی ہے۔ چنانچہ وہ تمام سیاسی پارٹیاں جو یہ دعوے کررہی ہیں کہ وہ اب نظام کو بدل دیں گی، دراصل اپنی اس دلی خواہش کا اظہار کررہی ہوتی ہیں کہ وہ اب چہرے بدل کر اپنے مہرے بٹھادیں گی۔ بصورتِ دیگر انہیں ایم کیو ایم کا متعارف کردہ نظام ِ عوامی سیاست اپنا لینا چاہیے، جس میں جاگیرداروں اور دولتمندوں پر کلّی انحصار کے بجائے گلیوں کوچوں میں پھرنے والے مگر تعلیم یافتہ اور جوہرِ قابل کو آگے لانا ہوگا۔ جب تک روایتی زمیندار طبقہ پاکستانی عوام کی اکثریت پر مسلّط رہے گا، زراعت اور غذائی پیداوار میں بھی خاطر خواہ ترقی نہ ہو گی، اور نہ ہی یہ سفید پوش لٹیرے ٹیکس کی مد میں اپنا حصّہ بٹائیں گے، بلکہ شکر، گندم، اور سبزیوں جیسی غذائی اجناس کی بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کرتے رہیں گے، اور غریبوں کی زندگی جہنّم بناتے رہیں گے۔

*
منگل، ۱۹ فروری ۲۰۰۸

ہے جستجو کہ خوب سے ہے خوب تر کہاں
دیکھیے اب ٹھہرتی ہے جاکر نظر کہاں

(c)2008 A syndicated essay by Justuju Research and Publishing - All Rights Reserved
The Intellectual Property Rights are asserted under the Pakistani and International Copyright Laws -- The writer and the syndicating agency, Justuju Research and Publishing Agency, hereby grant a permission for and reproduction of this article under a "Fair usage" universal license non commercial agreement. This piece must be published "as is" to qualify for this license

No comments:

Google Scholar